نئے صوبے کہیں یا انتظامی یونٹ بننے چاہییں:مصطفیٰ کمال

کراچی سے کشمور تک 80 فیصد لوگوں کے پاس پینے کا صاف پانی نہیں:وفاقی وزیر صحت

September 5, 2026 · قومی

فائل فوٹو

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ صوبے بولیں یا انتظامی یونٹ، ایم کیو ایم اپنے مؤقف پر قائم ہے اور اس نے اپنے مؤقف کو تبدیل نہیں کیا۔

مصطفیٰ کمال نے انٹرنیشنل ٹریولرز ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں 18 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، سندھ میں بنیادی سہولیات نہیں، ایک گٹر نہیں سنبھال سکتے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بولیں یا انتظامی یونٹ، ایم کیو ایم اپنے مؤقف پر قائم ہے اور اپنے مؤقف کو تبدیل نہیں کیا۔ پاکستان کا پیسہ چار صوبوں کے بجائے 20 لوگوں میں بٹتا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ایڈمنسٹریٹو یونٹ بنانے کے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹی۔ کراچی سے کشمور تک 80 فیصد لوگوں کے پاس پینے کا صاف پانی نہیں۔ ایک طرف تیسری جنگ عظیم رکوا رہے ہیں، دوسری طرف کتے کے کاٹنے سے بچے مر رہے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ 27ویں ترمیم میں اختیارات گلی کوچوں تک پہنچنے کی ترمیم تھی۔ بھٹو کے بنائے گئے 1973 کے آئین میں نئے صوبوں کی گنجائش موجود ہے۔