خیبر پختونخوا میں سی ٹی ڈی کا بڑا آپریشن،5 دہشت گرد ہلاک،ٹی ٹی پی کمانڈر فرار
کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلاشنکوفیں، دو پستول، ایک دستی بم، چھ میگزین اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد کیے گئے۔
خیبر پختونخوا میں سی ٹی ڈی کا بڑا آپریشن،5 دہشت گرد ہلاک،ٹی ٹی پی کمانڈر فرار
پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، تاہم کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا اہم کمانڈر تاج محمد عرف شینے اپنے ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے مطابق 23 نومبر 2026 کو پشاور ریجن کی ٹیموں نے تھانہ بڈابیر کی حدود میں واقع علاقے جانے خوڑ میرہ باچا خیل میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ کارروائی کا ہدف کالعدم ٹی ٹی پی کا کمانڈر تاج محمد عرف شینے ولد الماس اور اس کے مسلح ساتھی تھے، جن کا تعلق ضلع خیبر کے علاقے تیراہ سے بتایا گیا ہے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کو اطلاع ملی تھی کہ مذکورہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس اطلاع پر سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیمیں فوری طور پر علاقے میں پہنچیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے پوزیشنیں سنبھال لیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی، جس کے جواب میں اہلکاروں نے بھی کارروائی کی۔ دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ تقریباً 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا۔
فائرنگ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا تو 5 دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔ حکام کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت کا عمل جاری ہے، جبکہ ٹی ٹی پی کمانڈر تاج محمد عرف شینے دو سے تین ساتھیوں کے ہمراہ موقع سے فرار ہوگیا۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلاشنکوفیں، دو پستول، ایک دستی بم، چھ میگزین اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد کیے گئے۔
سی ٹی ڈی نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس کی اضافی نفری بھی جائے وقوع پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر اہلکاروں کو سراہا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے تک شرپسند عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔