ویمنز ایشیا کپ: ہانگ کانگ کو شکست دے کر پاکستان ویمن ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی

نشرہ سندھو کو فتح گر بولنگ پرفارمنس پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

September 7, 2026 · اسپورٹس
کپتان فاطمہ ثنا نشرہ سندھو کو مبارکباد دیتے ہوئے

کپتان فاطمہ ثنا نشرہ سندھو کو مبارکباد دیتے ہوئے

دبئی: ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے ہانگ کانگ ویمن کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرلیا۔ 

ایونٹ کے 11ویں میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 143 رنز بنائے۔ شوال ذوالفقار نے سب سے زیادہ 47 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ عائشہ ظفر نے 26 اور فاطمہ ثنا نے 24 رنز بنائے۔

ہانگ کانگ کی جانب سے جولین کور 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہیں جبکہ اقرا سحر اور کیری چین نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 71 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے نشرہ سندھو نے صرف 7 رنز کے عوض 6 وکٹیں لے کر پاکستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اس کے ساتھ ہی وہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر بن گئیں۔ان کے علاوہ فاطمہ ثنا، سعدیہ اقبال، ام ہانی اور عائشہ ظفر نے ایک ایک وکٹ لی۔

ہانگ کانگ کی جانب سے سب سے زیادہ کیری چین نے 30 رنز بنائے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکی۔

اسپنر نشرہ سندھو کو فتح گر بولنگ پرفارمنس پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی قومی ٹیم نے ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی جہاں اس کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔