کراچی،8 بہنوں کا اکلوتابھائی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق
مسلح ملزمان رات کے وقت اجتماع گاہ، مہران سٹی میں واقع گھر میں داخل ہوئے،کہ ملزمان کی تعداد 6 تھی، جن میں سے دو نے پولیس کی وردیاں پہن رکھی تھیں۔اہل خانہ
فائل فوٹو
کراچی کے علاقے منگھو پیر میں مبینہ ڈکیتی کے دوران مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 17 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی شناخت روشم کے نام سے ہوئی ہے، جو میٹرک کا طالب علم اور آٹھ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔
اہل خانہ کے مطابق مسلح ملزمان رات کے وقت اجتماع گاہ، مہران سٹی میں واقع گھر میں داخل ہوئے۔ مقتول کے والد نے بتایا کہ ملزمان کی تعداد 6 تھی، جن میں سے دو نے پولیس کی وردیاں پہن رکھی تھیں۔
والد کے مطابق گھر میں مشکوک آوازیں سن کر وہ کمرے سے باہر نکلے، اسی دوران روشم بھی دوسرے کمرے سے باہر آیا۔ ملزمان نے اچانک فائرنگ کردی، جس سے نوجوان کے سینے میں گولی لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
مقتول کے والد کا کہنا ہے کہ علاقے میں گزشتہ کئی ہفتوں سے پولیس کی وردی میں ملبوس افراد کی جانب سے وارداتوں کی شکایات سامنے آرہی تھیں اور پولیس کو بھی اس حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا، تاہم ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاسکا۔
اہل خانہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوان کے قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے اور پولیس کی وردی استعمال کرکے وارداتیں کرنے والے گروہ کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔
مقتول کے والد نے کہا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری تک وہ اپنے بیٹے کی تدفین نہیں کریں گے۔ ان کے مطابق اہل خانہ لاش کے ہمراہ احتجاج بھی کریں گے اور مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں احتجاج کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا۔