مارچ پُرامن ہوگا،تحریک انصاف۔جے یو آئی اور جوائنٹ اپوزیشن کی شمولیت متوقع

پی ٹی آئی چیئرمین نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دے دی

September 9, 2026 · قومی

فائل فوٹو

 تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کا مارچ پُرامن ہوگا اور یہ صرف انصاف مارچ ہوگا۔ انہوں نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اس میں نہ انتشار ہوگا اور نہ سرکاری وسائل استعمال ہوں گے۔

پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان کا بیانیہ یہ ہے کہ دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان اور را ہے، ہم یہی کہتے ہیں کہ پاکستان کے دشمن کو سپورٹ نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی اور سیاسی بیانات اپنی جگہ، ملک کا امن و امان سب سے مقدم ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ میں جو پذیرائی ملی ہے، اس سے ہمارا حوصلہ بڑھا ہے اور ثابت ہوتا ہے کہ عوام اب اسٹیٹس کو سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 27 ستمبر کو پُرامن مارچ ہوگا، یہ شوقیہ مارچ نہیں ہوگا، اس میں انتشار نہیں ہوگا اور سرکاری وسائل استعمال نہیں ہوں گے۔ ہمارا لانگ مارچ پُرامن ہوگا، ہم ثابت کریں گے کہ ہم پُرامن لوگ ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ مولانا فضل الرحمن اور تمام جوائنٹ اپوزیشن 27 ستمبر کے مارچ میں ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام جمہوری طرز پر تبدیلی چاہتے ہیں جس میں تمام لوگوں کے حقوق محفوظ ہوں اور نئے الیکشن ہوں۔ صلح حدیبیہ کی طرح صلح پاکستان ہونی چاہیے جس میں سب کے حقوق محفوظ ہوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز اس میں شامل ہوں۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عوام اب سیاسی تناؤ اور تقسیم سے بیزار ہوچکے ہیں۔ صوبے آزمائشی طور پر نہیں بننے چاہئیں۔ امریکا میں 150 سال سے 52 اسٹیٹس ہیں، مگر اس دوران آبادی پانچ گنا بڑھی ہے، جبکہ بھارت میں اتر پردیش کی آبادی 25 کروڑ ہے جو پورے پاکستان کی آبادی سے زیادہ ہے۔