عالمی مارکیٹ:سونا 4 ہزار 410 ڈالر فی اونس سے تجاوز کرگیا

اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 0.3 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 4 ہزار 410.28 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی

September 10, 2026 · کامرس
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 عالمی مارکیٹ میں جمعرات کو سونے کی قیمت میں معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی اہم وجوہات میں امریکی ڈالر کی کمزور قدر اور سرمایہ کاروں کی جانب سے امریکا میں افراطِ زر کے نئے اعداد و شمار کا انتظار شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں 0.3 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 4 ہزار 410.28 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب دسمبر کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت 0.1 فیصد کمی کے بعد 4 ہزار 457.20 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق کمزور امریکی ڈالر سونے کی قیمت کو سہارا دے رہا ہے، کیونکہ ڈالر میں قیمت والے سونے کی خرید دیگر کرنسیوں کے حامل سرمایہ کاروں کے لیے نسبتاً سستی ہوجاتی ہے۔

مارکیٹ میں امریکا کے پروڈیوسر پرائس انڈیکس کے اعداد و شمار کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ صارفین کی قیمتوں کے اشاریے کے اعداد و شمار بھی جلد جاری کیے جائیں گے۔ ان اعداد و شمار کو امریکی مرکزی بینک کی آئندہ شرح سود کی پالیسی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بیشتر ماہرین اقتصادیات توقع رکھتے ہیں کہ امریکی فیڈرل ریزرو ستمبر کے اجلاس میں شرح سود موجودہ سطح پر برقرار رکھ سکتا ہے۔

دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 67.50 ڈالر فی اونس رہی، جبکہ پلاٹینم 0.4 فیصد کمی کے بعد 1,888.05 ڈالر اور پیلاڈیم 0.2 فیصد اضافے کے بعد 1,356.20 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔