گیس سیکٹر کا 3,600 ارب روپے کا گردشی قرضہ 3 سال میں ختم کرنے کا پلان تیار، آئی ایم ایف سے مذاکرات ستمبر کے آخر میں ہوں گے

وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ کی شرط پوری کرنے کے لیے گیس سیکٹر کے قرضے کے خاتمے کا منصوبہ بنا لیا۔

September 12, 2026 · کامرس
وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ کی شرط پوری کرنے کے لیے گیس سیکٹر کے قرضے کے خاتمے کا منصوبہ بنا لیا۔

وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ کی شرط پوری کرنے کے لیے گیس سیکٹر کے قرضے کے خاتمے کا منصوبہ بنا لیا۔

وفاقی حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پوری کرنے کے لیے گیس سیکٹر کا 3 ہزار 600 ارب روپے کا گردشی قرض آئندہ تین سال میں ختم کرنے کا ایک جامع پلان تیار کر لیا ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ ورچوئل اقتصادی جائزہ مذاکرات ستمبر کے آخری ہفتے میں ہوں گے، جن میں وزارت خزانہ کی جانب سے گیس سیکٹر کے گردشی قرض کے اس سیٹلمنٹ پلان سے ادارے کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق گیس سیکٹر کا مجموعی گردشی قرض 3 ہزار 600 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جس میں 2 ہزار 100 ارب روپے سود اور ایک ہزار 500 ارب روپے اصل قرض شامل ہے۔ تیار کردہ پلان کے تحت پہلے سال گردشی قرض میں 528 ارب، دوسرے سال 473 ارب جبکہ تیسرے سال 433 ارب روپے کی کمی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

مجوزہ پلان کے خدوخال کے مطابق گیس کمپنیوں کے 840 ارب روپے کے ڈیویڈنڈ سے گردشی قرض کم کیا جائے گا، جبکہ پیٹرولیم لیوی سے 270 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے۔ اس کے علاوہ قطر سے ایل این جی کے اضافی کارگو مؤخر کرنے سے 310 ارب روپے، پاور سیکٹر کے ٹیک اینڈ پے سے 15 ارب جبکہ ایل این جی کی مکمل لاگت وصولی سے 60 ارب روپے گردشی قرض کم کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس سیکٹر کے گردشی قرض پر عائد مارک اپ کا معاملہ بھی سیٹل کیا جائے گا، تاہم ایل این جی کی مکمل لاگت وصول کرنے سے عام صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، قطر سے 81 ہزار 936 میٹرک ٹن ایل این جی لے کر ایک جہاز پورٹ قاسم پہنچ گیا ہے۔ ترجمان پورٹ قاسم اتھارٹی کے مطابق ایل این جی بردار جہاز ‘المرونہ’ ٹرمینل نمبر 2 پر لنگر انداز ہو گیا ہے، جو قطر کے راس لفان ٹرمینل سے پاکستان پہنچا ہے۔ یہ کھیپ پاکستان اور قطر کے درمیان حکومت سے حکومت کے معاہدے کے تحت بھیجی گئی ہے، جس سے ملک کے بجلی کے شعبے کو عارضی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔