بلوچستان میں پاک بحریہ اور کوسٹ گارڈز کی مشترکہ کارروائی،اسمگلنگ ناکام
پشکان کے علاقے میں کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں شراب اور غیرقانونی ادویات برآمد
پشکان میں مشترکہ کارروائی کے دوران برآمد کی گئی ممنوعہ اشیا اور غیرقانونی ادویات۔
پاکستان نیوی اور پاکستان کوسٹ گارڈز نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) کے تعاون سے بلوچستان کے علاقے پشکان میں مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ انسدادِ اسمگلنگ کارروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں ممنوعہ اشیا کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قابلِ عمل انٹیلیجنس کی بنیاد پر کی گئی مشترکہ کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں شراب اور غیرقانونی ادویات ضبط کی گئیں۔
برآمد شدہ ممنوعہ اشیا مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈز کے حوالے کردی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کامیاب مشترکہ کارروائی اسمگلنگ کی روک تھام میں اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ پاکستان نیوی اور پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے پاکستانی سمندری حدود اور زمین کو غیرقانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے عزم کو بھی اجاگر کرتی ہے۔