لاہور: مولانا فضل الرحمٰن کی قیام گاہ کے راستے سے کنٹینرز ہٹادیے گئے
مولانا فضل الرحمٰن چوہنگ میں واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک دوست کے گھر میں موجود
فائل فوٹو
لاہور: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیام گاہ کی طرف جانے والے راستے کنٹینرز ہٹا کر کھول دیے گئے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن چوہنگ میں واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سندھ سے تعلق رکھنے والے ایک دوست کے گھر میں موجود ہیں ۔
انہوں نے آج لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرنا تھا تاہم پولیس نے اس ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب جانے والے راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے تھے، مولانا فضل الرحمٰن گھر میں محصور ہوگئے تھے۔
اسی دوران لاہور ہائیکورٹ نے مولانا فضل الرحمٰن کی بازیابی کے لیے دائر درخواست کل 25 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دی۔
درخواست میں آئی جی پنجاب اور ڈی سی لاہور سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی اے پی سی میں شرکت کرنا تھی۔
درخواست میں کہا گیا کہ پولیس نے گھر کی ناکا بندی کر کے ان کی نقل و حرکت محدود کردی۔
درخواست میں آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی تھی،جسٹس جواد ظفر کل صبح 9 بجے درخواست پر سماعت کریں گے۔