لانگ مارچ ڈیوٹی پر ڈیرہ غازی خان سے اٹک آنے والا پولیس اہلکار ہارٹ اٹیک سے جاں بحق
مرحوم کانسٹیبل کی نمازِ جنازہ اٹک پولیس لائنزمیں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی
فائل فوٹو
تحریک انصاف کے احتجاج اور دھرنے کو روکنے کے لیے ڈیرہ غازی خان سے حسن ابدال پہنچنے والے پنجاب پولیس کے کانسٹیبل ذوالفقار علی مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔
ڈیرہ غازی خان پولیس کے جوان کانسٹیبل ذوالفقار علی کو اٹک پل پر امن و امان کی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا تھا۔ اٹک پل خیبر پختونخوا اور پنجاب کا سرحدی مقام ہے، جہاں انہیں ممکنہ مظاہرین اور انتشاری عناصر کو روکنے کے لیے ڈیوٹی سونپی گئی تھی۔
ڈیوٹی کے دوران کانسٹیبل ذوالفقار علی کو اچانک شدید ہارٹ اٹیک ہوا، جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں قریب ترین ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
مرحوم کانسٹیبل کا جسدِ خاکی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کی نمازِ جنازہ پولیس کے اعلیٰ حکام، سکیورٹی افسران اور جوانوں کی موجودگی میں اٹک پولیس لائنز میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائے گی۔