عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل دوسرے روز بڑھ گئیں
برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.49 ڈالر یعنی 1.4 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد فی بیرل قیمت 106.90 ڈالر ہوگئی
عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل دوسرے روز بڑھ گئیں
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں منگل کو مسلسل دوسرے روز اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مشرق وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات نے قیمتوں پر دباؤ برقرار رکھا۔
رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1.49 ڈالر یعنی 1.4 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد فی بیرل قیمت 106.90 ڈالر ہوگئی۔ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بھی 1.34 ڈالر یعنی 1.5 فیصد بڑھ کر 94 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
کے سی ایم ٹریڈ کے چیف تجزیہ کار ٹم واٹرر کے مطابق خلیجی ممالک سے تیل کی برآمدات میں بہتری کے آثار موجود ہیں، تاہم ترسیل کے لیے شپ ٹو شپ منتقلی جیسے متبادل طریقوں کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ طریقہ معمول کی ترسیل کے مقابلے میں زیادہ مہنگا اور کم مؤثر ہے، جس کے باعث خام تیل کی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔
دوسری جانب اعداد و شمار فراہم کرنے والے ادارے کلپر کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق ستمبر میں مشرق وسطیٰ کے بڑے تیل پیدا کرنے والے ممالک سے خام تیل کی برآمدات بڑھ کر 1 کروڑ 28 لاکھ بیرل یومیہ ہوگئیں، جو فروری کے بعد بلند ترین سطح ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے ہونے والی اضافی ترسیلات نے خطے سے مجموعی تیل برآمدات میں اضافے میں نمایاں کردار ادا کیا۔