مذاکرات سے انکار نہیں،لیکن پی ٹی آئی اپنے لیڈر کی رہائی چاہتی ہے جس کا فورم عدالت ہے:وزیر قانون

وزیر قانون کاکہنا ہے کہ جلسے جلوس اور شہروں پر چڑھائی سےبانی کی رہائی ممکن نہیں

September 29, 2026 · قومی

قانونی اورآئینی طریقہ کار کے ہوتے یہ چاہتے ہیں کہ جلسے جلوس اور شہروں پر چڑھائی کرکے بانی کی رہائی کروائی جائے تو ایسا نہیں ہوسکتا: اعظم نذیر تارڑ/ فائل فوٹو

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے تحریک انصاف کو سنجیدہ مذاکرات کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی سے مذاکرات سے انکار نہیں کیا، تاہم پی ٹی آئی اپنے لیڈر کی رہائی چاہتی ہے جس کا فورم عدالت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانونی اور آئینی طریقہ کار موجود ہونے کے باوجود اگر یہ چاہتے ہیں کہ جلسے جلوس اور شہروں پر چڑھائی کرکے بانی کی رہائی کروائی جائے تو ایسا نہیں ہوسکتا۔

سپریم کورٹ کے عمران خان کو نجی اسپتال منتقل کرنے کے حکم پر وزیر قانون نے کہا کہ سپریم کورٹ نے معائنے کا حکم دیا تھا، جو ہوگیا ہے۔ اگر حکم پر عملدرآمد میں کوئی کمی بیشی ہے تو اسے عدالت کو دیکھنا ہے، جلسے جلوس سے ایسا نہیں ہوگا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما سینیٹر علی ظفر نے کہا کہ لانگ مارچ 4 اکتوبر تک مؤخر کرنے کے بعد اب حکومت کے پاس موقع ہے کہ مذاکرات کرے۔ حکومت ایک قدم اٹھائے تو مذاکرات شروع ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 27 ستمبر سے پہلے اپوزیشن لیڈر کی ملاقات ہوئی تھی جسے مذاکرات نہیں کہا جاسکتا۔ مذاکرات کمیٹیوں کے ذریعے بند کمرے میں ہونے چاہئیں، البتہ 4 اکتوبر کا لانگ مارچ حتمی ہے اور حکومت لانگ مارچ سے خوفزدہ ہے۔