کوٹ لکھپت جیل میں عمران خان کی بہنوں نے بھوک ہڑتال کردی

خاندان نے جیل انتظامیہ کے رویے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے وکیل تک رسائی کامطالبہ کردیا

September 29, 2026 · قومی

علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی فائل فوٹو۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کزن قاسم زمان کا کہنا ہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ اور نورین نیازی نے بھوک ہڑتال کردی ہے، لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے باوجود تینوں بہنوں تک ضروری اشیاء نہیں پہنچائی گئیں۔

اڈیالہ روڈ پر میڈیسن فیکٹری ناکے کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم زمان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ پورا ہفتہ گزرنے کے بعد گزشتہ روز عدالت کے جسٹس نے ضروری اشیاء فراہم کرنے کا حکم دیا، لیکن پیر کے بعد سے نہ ملاقات ہوئی اور نہ ہی کوئی چیز اندر پہنچائی گئی۔

قاسم زمان کے مطابق معین قریشی صاحب کو بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں 48 گھنٹے سے بھوک ہڑتال پر ہیں۔ جیل عملے نے بدتمیزی کی، جس کے بعد بہنوں نے کھانے کی اشیاء واپس کردیں۔

انہوں نے کہا کہ خاندان کو خدشہ ہے کہ ایسی کیا صورتحال ہے جس کے باعث انہیں بھوک ہڑتال کرنا پڑی۔

قاسم زمان نے مطالبہ کیا کہ تینوں بہنوں کی ملاقات کرائی جائے اور وکیل تک رسائی دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ حکم دے گی تو لاہور کی انتظامیہ حرکت میں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں تاحال کوئی اطلاع نہیں ملی کہ لاہور ہائی کورٹ کے حکم پر ضروری اشیاء بہنوں تک پہنچا دی گئی ہیں یا نہیں۔