متحدہ عرب امارات میں بین الامارات مسافر ریل سروس کا تاریخی آغاز

نیا ٹرانسپورٹ نیٹ ورک، دبئی سے ابوظبی کا سفر، دورانیہ صرف 1 گھنٹہ 4 منٹ ہوگا۔

September 30, 2026 · اہم خبریں
دبئی کے ایلایس اسٹیشن پر اتحاد ریل کی پہلی مسافر ٹرین کے افتتاح کے موقع پر مسافروں کا اجتماع۔

دبئی کے ایلایس اسٹیشن پر اتحاد ریل کی پہلی مسافر ٹرین کے افتتاح کے موقع پر مسافروں کا اجتماع۔

متحدہ عرب امارات میں بین الامارات ریل سفر کے نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں بدھ 30 ستمبر کی صبح دبئی کے ایلایس اسٹیشن پر اتحاد ریل کی مسافر ٹرین سروس کے افتتاح کے موقع پر خاصی گہماگہمی رہی۔ سورج طلوع ہونے سے پہلے ہی آن لائن ٹکٹ بک کرنے والے مسافر، میڈیا نمائندگان اور غیر ملکی افراد کی بڑی تعداد اس تاریخی سفر کا حصہ بننے کے لیے اسٹیشن پر موجود تھی۔

دستاویزات اور دستیاب اطلاعات کے مطابق، متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے بھی ابوظبی سے دبئی تک ٹرین کے ذریعے سفر کیا۔ ٹرین کی روانگی سے قبل اسٹیشن پر غیر ملکی فنکاروں نے فلیش ڈانس پیش کیا جس پر مسافروں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ روایتی سیٹی بجانے کے بعد مسافروں سے بھری پہلی ٹرین صبح 6 بج کر 14 منٹ پر دبئی سے ابوظبی کے لیے روانہ ہوئی اور 7 بج کر 18 منٹ پر ابوظبی اسٹیشن پہنچی، یوں یہ سفر ایک گھنٹہ 4 منٹ میں مکمل ہوا۔

اتحاد ریل کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، دبئی اور ابوظبی کے درمیان روزانہ 10 مسافر ٹرینیں چلیں گی، جبکہ ابوظبی سے مشرقی ساحلی ریاست فجیرہ کے لیے روزانہ 3 دو طرفہ ٹرین سفر ہوں گے۔ دبئی سے ابوظبی کا کمفرٹ کلاس کرایہ 39 درہم اور پریمیم کلاس 109 درہم سے شروع ہوتا ہے جبکہ فجیرہ کے لیے کم از کم کرایہ 29 درہم مقرر کیا گیا ہے۔ دبئی کا مرکزی ایلایس اسٹیشن دبئی میٹرو کے جمیرہ گالف اسٹیٹس اسٹیشن سے تقریباً 400 میٹر طویل برج کے ذریعے منسلک ہے جہاں سے مسافر ریڈ لائن استعمال کرکے شہر کے مختلف حصوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ ٹرین میں وائی فائی، موبائل چارجنگ اور سامان رکھنے کی بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں جبکہ ٹکٹ موبائل ایپ، ویب سائٹ اور اسٹیشنوں کی مشینوں سے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔