ایف بی آر کے نئے ٹیکس قوانین کیخلاف نجی اسپتالوں اور کلینکس میں ڈاکٹرز کی ہڑتال
پی ایم اے نے مطالبات تسلیم نہ ہونے پر اسپتال بند کرنے کا عندیہ دے دیا
فائل فوٹو
فیصل آباد: پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کی کال پر ملک کے مختلف شہروں میں ایف بی آر کے نئے ٹیکس قوانین کے خلاف نجی اسپتالوں اور کلینکس میں ہڑتال کی گئی۔
پی ایم اے فیصل آباد کے صدر ڈاکٹر رائے عارف اور دیگر عہدیداران نے ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیل نظام اور صحت کی سہولیات پر سیلز ٹیکس کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے نجی اسپتالوں اور کلینکس میں علامتی ہڑتال کی جا رہی ہے۔
پی ایم اے کا کہنا ہے کہ صحت پر ٹیکس کا براہ راست بوجھ مریضوں پر پڑے گا، مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔
پریس کانفرنس میں پی ایم اے عہدیداران نے کہا کہ ڈاکٹرز ٹیکس قوانین کی پاسداری کرتے ہیں، تاہم صرف طبی شعبے کو سروسز پر ٹیکس کے لیے ہدف بنانا قابل قبول نہیں۔
پی ایم اے عہدیداران کا کہنا تھا کہ احتجاج مکمل طور پر غیر سیاسی ہے اور وہ ملک میں افراتفری نہیں چاہتے۔
پی ایم اے نے مطالبات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو ملک بھر میں اسپتال بند کرنے کا آپشن موجود ہے۔