وزیراعظم کی زیرصدارت خیبرپختونخوا کی صورتحال پر اہم اجلاس شروع
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر کشمیر امور امیر مقام، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ شریک ہیں۔
وزیراعظم کی زیرصدارت خیبرپختونخوا کی صورتحال پر اہم اجلاس شروع
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت خیبرپختونخوا کی موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال پر اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں شروع ہوگیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر کشمیر امور امیر مقام، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ صوبے سے متعلق مختلف آئینی اور سیاسی آپشنز پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ گورنر راج کے امکان سے متعلق بھی حکومتی سطح پر مشاورت جاری ہے
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا کی پی ٹی آئی حکومت کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور پی ٹی آئی نے 4 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔
دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے بھی ایوان صدر میں خیبرپختونخوا کی صورتحال پر اہم اجلاس طلب کیا ہے، جس میں صوبے کے سیاسی اور سکیورٹی حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدر مملکت سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق وزیراعظم، متعلقہ وفاقی وزرا سے ملاقات کے بعد ایوان صدر جائیں گے۔