آزاد کشمیر کا مسئلہ حل کے قریب، 28 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان
مذاکرات میں پیش رفت، ایکشن کمیٹی کے اکثر مطالبات تسلیم، انتخابات 12 اکتوبر 2026 کو ہوں گے
آزاد کشمیر کا مسئلہ حل کے قریب، 28 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) آزاد جموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر نجیب نقی نے کہا ہے کہ ریاست میں جاری احتجاج کا معاملہ حل ہونے کے بہت قریب ہے اور ایکشن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات میں خاطر خواہ پیش رفت ہوئی ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد جموں وکشمیر ڈاکٹر نجیب نقی نے واضح کیا کہ ریاست کے سب سے بڑے آئینی عہدے پر ان کے موجود ہونے کا مقصد دراصل موجودہ بحران کا خاتمہ اور خطے کی ترقی ہے۔
صدر آزاد کشمیر نے بتایا کہ کشمیر ایکشن کمیٹی کے بیشتر مطالبات پر اتفاق رائے ہو چکا ہے جبکہ چند باقی ماندہ نکات پر بھی بات چیت حتمی مراحل میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کو اپنے وژن پر عمل درآمد کے لیے مناسب وقت دینا چاہیے کیونکہ احتجاج کا راستہ کسی بھی وقت اختیار کیا جا سکتا ہے۔ سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی فراہمی سے خطے میں انٹرنیٹ کے تمام مسائل مستقل طور پر حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے 28 ارب روپے کا خصوصی پیکیج لایا جا رہا ہے جس میں وفاقی حکومت نے بھی بھرپور مالی تعاون فراہم کیا ہے، جبکہ اس سلسلے میں 100 دن کے خصوصی ترقیاتی پلان کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
دریں اثنا، آزاد جموں و کشمیر کونسل کی 4 خالی نشستوں کے لیے انتخابی سرگرمیاں بھی عروج پر پہنچ گئی ہیں جن پر پولنگ 12 اکتوبر 2026 کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی متعلقہ سیکرٹری کے پاس جمع کروائیں گے۔ سیاسی جماعتوں کی جانب سے نامزدگیوں کا عمل بھی جاری ہے جس کے تحت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مظفرآباد سے چودھری منظور احمد، میرپور سے چودھری سعید اور باغ سے مشتاق احمد منہاس کو ٹکٹ جاری کیے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے چودھری لطیف اکبر کو کونسل کی نشست کے لیے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔