فلسطین کے حق میں احتجاج، آئرلینڈ اور آسٹریا کا میچ دو بار روکنا پڑا

تقریباً 35ویں منٹ میں ایک شخص فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے میدان میں داخل ہوگیا، جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے قابو کرکے باہر نکال دیا

October 2, 2026 · اسپورٹس
فلسطین کے حق میں احتجاج، آئرلینڈ اور آسٹریا کا میچ دو بار روکنا پڑا

فلسطین کے حق میں احتجاج، آئرلینڈ اور آسٹریا کا میچ دو بار روکنا پڑا

ڈبلن میں آئرلینڈ اور آسٹریا کے درمیان کھیلا گیا نیشنز لیگ کا میچ فلسطین کے حق میں ہونے والے احتجاج کے باعث پہلے ہاف میں دو مرتبہ مختصر وقت کے لیے روکنا پڑا۔

مقابلے کے 19ویں منٹ میں تماشائیوں کی جانب سے فلسطینی پرچم کے اسٹیکرز والی ٹینس بالز میدان میں پھینکی گئیں، جس کے بعد کھیل کچھ دیر کے لیے روک دیا گیا اور کھلاڑی پچ سے باہر چلے گئے۔

تقریباً 35ویں منٹ میں ایک شخص فلسطینی پرچم لہراتے ہوئے میدان میں داخل ہوگیا، جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے قابو کرکے باہر نکال دیا۔ اس واقعے کے باعث میچ ایک مرتبہ پھر مختصر وقت کے لیے متاثر ہوا۔

احتجاج کے باوجود مقابلہ مکمل ہوا اور آئرلینڈ اور آسٹریا کی ٹیمیں 2،2 گول سے برابر رہیں۔ آئرلینڈ کی جانب سے ٹرائے پیروٹ نے دونوں گول کیے، تاہم آسٹریا نے دوسرے ہاف میں واپسی کرتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا

آئرلینڈ کے کوچ ہیمیر ہالگریمسن نے احتجاج کے حوالے سے کہا کہ ٹیم ایسی صورتحال سے خوش نہیں ہوتی، تاہم وہ احتجاج کی وجوہات کو سمجھتے اور اس کا احترام کرتے ہیں

میچ سے قبل بھی تقریباً 200 مظاہرین نے ڈبلن کے ایویوا اسٹیڈیم کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ’اسٹاپ دی گیم‘ مہم کے تحت آئرلینڈ کے اسرائیل کے خلاف میچوں پر احتجاج اور کھیلوں کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔

یہ احتجاج آئرلینڈ اور اسرائیل کے درمیان حالیہ نیشنز لیگ مقابلے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں آئرلینڈ نے 3-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اسرائیل کے خلاف آئندہ میچ کے حوالے سے بھی آئرلینڈ میں احتجاج اور بائیکاٹ کے مطالبات جاری ہیں۔