کائنات امتیاز کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
کائنات امتیاز 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ بھی رہیں
کائنات امتیاز کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر کائنات امتیاز نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کائنات امتیاز نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے دوران پاکستان کی جانب سے 19 ایک روزہ اور 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔
کائنات امتیاز 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم کا حصہ بھی رہیں۔ انہوں نے اپنا آخری ون ڈے میچ جنوری 2023 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا، جبکہ آخری ٹی ٹوئنٹی میچ اکتوبر 2022 میں تھائی لینڈ کے خلاف کھیلا۔
کرکٹ سے وابستگی برقرار رکھتے ہوئے کائنات امتیاز نے کمنٹری کے شعبے میں بھی کام شروع کیا، جبکہ حال ہی میں انہوں نے ویمن میچ ریفری کے طور پر بھی اپنے نئے کیریئر کا آغاز کیا ہے۔
کائنات امتیاز کا تعلق کرکٹ سے وابستہ ایک خاندان سے ہے۔ ان کی والدہ سلیمہ امتیاز امپائرنگ کے شعبے میں نمایاں مقام رکھتی ہیں اور وہ آئی سی سی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ پینل میں شامل ہونے والی پاکستان کی پہلی خاتون امپائر ہیں۔
سلیمہ امتیاز اب تک 9 ویمن ون ڈے انٹرنیشنل اور 69 ویمن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔