سری لنکاسے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی اسکواڈمیں بڑے ناموں کی واپسی کاامکان
اہم تبدیلیاں متوقع، بابر اور فخر کی شمولیت کا قوی امکان، مہمان ٹیم پاکستان پہنچ گئی
سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں اہم تبدیلیوں اور سینئر کھلاڑیوں کی واپسی کا امکان ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلی جانے والی آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں کئی بڑی تبدیلیاں کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ایشین گیمز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف سیریز میں بھی کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں بابر اعظم، شاداب خان، نسیم شاہ اور فخر زمان کی ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔ دوسری جانب احمد دانیال، سعد مسعود، حیدر علی اور محمد وسیم جونیئر کو ممکنہ طور پر آئندہ سیریز سے ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی یہ سیریز 9 اکتوبر سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کے اراکین کے اسلام آباد میں رپورٹ کرنے کا امکان ہے۔
دریں اثنا، سری لنکن کرکٹ ٹیم کا 13 رکنی دستہ گزشتہ رات اسلام آباد پہنچ گیا ہے جہاں ایئرپورٹ پر مہمان ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس ابتدائی دستے میں ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے 8 کھلاڑیوں سمیت 5 ٹیم منیجمنٹ آفیشلز شامل ہیں۔ سری لنکن اسکواڈ کے بقیہ 5 کھلاڑی منگل کو اسلام آباد پہنچیں گے۔
سری لنکا نے دورہ پاکستان کے لیے پہلے ہی 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر رکھا ہے جس کی قیادت کوشال مینڈس کریں گے۔ مہمان اسکواڈ میں کامل مشارا، سنتھ جے وردھنے، لاہیرو اُدارا، سہان اراچیگے، کمندو مینڈس اور دُسن شناکا شامل ہیں۔ اس کے علاوہ چمندو وکرما سنگھے، دونیتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشانا، وجے اکانتھ ویاساکانتھ، دُشمانتا چمیرا، بینورا فرنانڈو، نوان توشارا اور ایشان ملنگا بھی سری لنکن دستے کا حصہ ہیں۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔