پی ایس ایل 12 کی تاریخیں سامنے آگئیں

پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا، جس میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔

October 8, 2026 · اسپورٹس
پی ایس ایل 12 کی تاریخیں سامنے آگئیں

پی ایس ایل 12 کی تاریخیں سامنے آگئیں

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے 12ویں ایڈیشن کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ پی ایس ایل 12 کا انعقاد 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک ہوگا۔

پی سی بی کے مطابق لیگ کے 12ویں ایڈیشن میں مسلسل دوسری مرتبہ 8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پی ایس ایل کی تاریخوں کو لیگ کی گورننگ کونسل اور فرنچائزز سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دی گئی۔

پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس یکم ستمبر کو لندن میں ہوا، جس میں تمام 8 فرنچائزز کے مالکان اور نمائندوں نے شرکت کی۔

گزشتہ ایڈیشن میں پہلی مرتبہ پلیئر ڈرافٹ کے بجائے پلیئر آکشن کا نظام متعارف کرایا گیا تھا۔ پی ایس ایل 11 کے فائنل میں قذافی اسٹیڈیم میں 32 ہزار 461 شائقین نے شرکت کی، جو لیگ کی تاریخ میں ریکارڈ حاضری قرار دی گئی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل 11 نے لیگ کی صلاحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کیا، جبکہ ایونٹ کے دوران دلچسپ مقابلوں، ریکارڈ شائقین اور نشریاتی ریکارڈز نے لیگ کی اہمیت مزید بڑھائی۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ 2027 میں شائقین کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ ان کے مطابق پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا اعلان ابتدائی مرحلہ ہے اور تمام 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے پہلے سے زیادہ پرعزم ہوں گی۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 11 کی ٹرافی پشاور زلمی نے جیتی تھی۔ زلمی نے فائنل میں حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 9 سال بعد ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل 12 کے لیے براہ راست کھلاڑیوں کے معاہدوں، پلیئر آکشن، مکمل شیڈول، میدانوں اور ٹکٹوں سے متعلق تفصیلات بعد میں جاری کی جائیں گی۔