مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے اثرات،عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد اضافہ

برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 4.08 ڈالر اضافے کے بعد 104.28 ڈالر فی بیرل ہوگئی

October 9, 2026 · کامرس
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے اثرات،عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد اضافہ

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے اثرات،عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد اضافہ

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی وجہ مشرق وسطیٰ میں ایران کے خلاف امریکی جنگ سے متعلق خدشات میں دوبارہ شدت آنا بتایا جا رہا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کاروباری ہفتے کے اختتام پر تیل کی قیمتیں تقریباً 4 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوئیں۔ برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 4.08 ڈالر اضافے کے بعد 104.28 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جو 4.1 فیصد اضافہ ہے۔

اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 3.21 ڈالر بڑھ کر 91.49 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جس میں 3.6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دورانِ کاروبار دونوں اقسام کے خام تیل کی قیمتیں کسی مرحلے پر 5 ڈالر فی بیرل سے بھی زیادہ بڑھ گئی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق ممکنہ امریکی حملوں کے خدشات کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت 29 ستمبر کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

دوسری جانب ایران کے ساتھ تنازع آٹھویں ماہ میں داخل ہونے کے دوران خلیجی خطے اور آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی آمدورفت کو لاحق خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔ یہ آبی گزرگاہ عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے اہم حیثیت رکھتی ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تیل بردار جہازوں پر حملوں کی تعداد جنگ شروع ہونے کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، حالانکہ خلیجی ممالک نے تیل کی برآمدات میں اضافہ کیا ہے۔ خطے میں کشیدگی برقرار رہنے کی صورت میں عالمی توانائی منڈی میں قیمتوں اور رسد پر مزید دباؤ پڑنے کا خدشہ ہے۔