وسیم اکرم ٹی وی ڈرامے میں جلوہ گر ہوں گے؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں
نئے ڈرامے میں اداکارہ ماہ نور بلوچ کے ساتھ نظر آ سکتے ہیں، جبکہ اس منصوبے کی ہدایت کاری فہیم برنی کریں گے۔
وسیم اکرم ٹی وی ڈرامے میں جلوہ گر ہوں گے؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف فاسٹ بولر وسیم اکرم کے ٹیلی ویژن ڈرامے میں اداکاری کرنے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق وہ ایک نئے ڈرامے میں اداکارہ ماہ نور بلوچ کے ساتھ نظر آ سکتے ہیں، جبکہ اس منصوبے کی ہدایت کاری فہیم برنی کریں گے۔
ڈرامے کے ہدایت کار فہیم برنی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اس منصوبے سے متعلق معلومات شیئر کی ہیں، جس کے بعد سوشل میڈیا پر وسیم اکرم کی ممکنہ اداکاری کے حوالے سے بحث شروع ہوگئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ڈرامہ ابھی تیاری کے ابتدائی مراحل میں ہے اور پروڈکشن ٹیم دیگر فنکاروں کی شمولیت کے لیے بھی بات چیت کر رہی ہے۔ یہ اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ معروف اداکارہ ماہرہ خان سے خصوصی کردار کے لیے رابطہ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم ان کی شرکت کی حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی۔
وسیم اکرم کی ڈراموں میں ممکنہ آمد پر سوشل میڈیا صارفین کی رائے مختلف ہے۔ بعض افراد انہیں اداکاری کرتے دیکھنے کے لیے پُرجوش ہیں، جبکہ کچھ صارفین کا خیال ہے کہ کھلاڑیوں کو اپنے کھیل کے شعبے پر توجہ دینی چاہیے۔
ٹی وی ناقد ڈاکٹر اعجاز وارث نے اس ممکنہ کاسٹنگ پر تنقیدی تبصرہ کیا، جبکہ اداکارہ جویریہ عباسی نے وسیم اکرم اور ماہ نور بلوچ کی ممکنہ جوڑی کے حوالے سے خوشی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب بعض سوشل میڈیا صارفین نے مزاحیہ انداز میں اس خبر پر تبصرے کیے۔ تاہم ڈرامے کی مکمل کاسٹ اور وسیم اکرم کی شمولیت سے متعلق حتمی تفصیلات سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔