برطانوی شہری نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے تین سالہ قانونی جنگ جیت لی

انوکھا مقدمہ، چیٹ جی پی ٹی کی رہنمائی رنگ لے آئی، جرمانہ ختم

October 13, 2026 · چشم حیرت
برطانوی شہری نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے تین سالہ قانونی جنگ جیت لی

برطانوی شہری نے مصنوعی ذہانت کی مدد سے تین سالہ قانونی جنگ جیت لی

انگلینڈ کی کاؤنٹی ایسیکس سے تعلق رکھنے والے رافال گورفال نے مصنوعی ذہانت کے جدید ٹول چیٹ جی پی ٹی کی معاونت سے 3 سال طویل قانونی جنگ جیت لی ہے۔ انہیں اگست 2023 میں پارکنگ فیس بروقت ادا نہ کرنے پر 100 پاؤنڈ جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

رپورٹس کے مطابق رافال گورفال پارکنگ ٹکٹ کے حصول کے لیے ادائیگی کی مشین پر گئے جہاں طویل قطار کے باعث انتظار کرنا پڑا، اور بعد میں معلوم ہوا کہ وہ مشین صرف نقد رقم قبول کرتی ہے اور وہاں کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی ممکن نہیں تھی۔ ادائیگی میں تاخیر کے تقریباً 2 ہفتے بعد انہیں 100 پاؤنڈ جرمانے کا نوٹس موصول ہوا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ انہوں نے پارکنگ فیس 16 منٹ کے اندر ادا نہیں کی تھی۔

اس فیصلے کے خلاف رافال گورفال نے متعلقہ فورم سے رجوع کیا۔ مقدمے کی پہلی سماعت جنوری 2024 میں ہوئی جس کے دوران جرمانے کی رقم بڑھ کر 170 پاؤنڈ ہو گئی۔ قانونی کارروائی میں تاخیر کے باعث یہ مقدمہ طویل ہوتا گیا اور ڈیڑھ سال تک کوئی نوٹس موصول نہ ہونے کے بعد اچانک ایک خط کے ذریعے بتایا گیا کہ مقدمے کی سماعت اکتوبر 2026 میں شروع ہوگی، اس دوران جرمانے کی کل رقم بڑھتے بڑھتے 300 پاؤنڈ تک پہنچ چکی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ وہ مرحلہ تھا جب رافال نے اپنے دفاع کے لیے چیٹ جی پی ٹی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے تنازع سے متعلق تمام خطوط اور دستاویزات کا ریکارڈ چیٹ جی پی ٹی کو فراہم کیا اور قانونی رہنمائی حاصل کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چیٹ جی پی ٹی نے انہیں بتایا کہ متعلقہ حکام کے سامنے کیا مؤقف اختیار کرنا ہے، کن اداروں سے رجوع کرنا ہے اور اپنا دفاع کس طرح تیار کرنا ہے۔ انہوں نے اس رہنمائی پر من و عن عمل کیا۔

عدالتی کارروائی باقاعدہ شروع ہونے سے قبل ہی متعلقہ حکام کی جانب سے ایک ای میل موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ان کے خلاف مقدمہ اور تمام جرمانہ واپس لے لیا گیا ہے۔ اس طرح رافال گورفال 3 سال سے جاری اس قانونی تنازع سے کامیابی کے ساتھ باہر نکل آئے اور یہ واقعہ قانونی امور میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے مؤثر استعمال کی ایک اہم مثال بن گیا ہے۔