عوامی منشا کے خلاف قانون سازی ہمیشہ ناکام رہی ہے،بیرسٹر گوہر خان

چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم پر تحفظات، عدلیہ کی آزادی اور بنیادی حقوق کے تحفظ پر زور

November 24, 2026 · قومی

عوامی منشا کے خلاف قانون سازی ہمیشہ ناکام رہی ہے،بیرسٹر گوہر خان

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ عوامی جذبات اور منشا کے برخلاف کی جانے والی قانون سازی ہمیشہ ناکام رہی ہے، ایسی قانون سازی سے عوام میں مایوسی پھیلتی ہے اور ادارے کمزور ہوتے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پارٹیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پاکستان میں عدلیہ کا کردار ماضی میں بھی تنازعات کی زد میں رہا ہے۔ چھبیسویں اور ستائیسویں آئینی ترامیم نے عدلیہ کی آزادی پر قدغن لگائی اور اسے مزید کمزور کیا، جبکہ اب اٹھائیسویں آئینی ترمیم لانے کی بات ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی کے لیے ضروری ہے کہ انتظامیہ اور عدلیہ کے اختیارات کے درمیان واضح حد قائم رہے۔ ان دونوں ترامیم سے متعلق تحفظات کے علاوہ عدالتی نظام میں اصلاحات اور عدلیہ کی آزادی یقینی بنانے کے لیے قانون سازی بھی ناگزیر ہے۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم کی منظوری سے پہلے بھی درخواستیں دائر کی گئی تھیں، مگر ترمیم کو روکا نہ جا سکا۔ منظوری کے بعد اسے عدالت میں چیلنج کیا گیا، تاہم ان درخواستوں پر فیصلہ آنے سے پہلے ہی ستائیسویں ترمیم منظور کرلی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ججوں کے باہمی اختلافات، ایک دوسرے کو خطوط اور ای میلز لکھنے، بینچ اور بار میں تقسیم اور بار کے اندر سیاسی اختلافات نے عدلیہ کو کمزور کر دیا ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عدلیہ اس قدر کمزور ہو چکی ہے کہ وہ نہ طاقتور کو ظلم سے روک سکی اور نہ مظلوم کی داد رسی کر سکی۔ عدالتوں میں اتنے جج موجود ہیں، پھر بھی ایک 75 سالہ خاتون انصاف کے لیے در در بھٹک رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام حالات کے باوجود ہم موجودہ نظام کے اندر رہتے ہوئے تبدیلی چاہتے ہیں۔ جمہوریت کو مضبوط کرنے، سیاسی عمل کو آگے بڑھانے اور قانون کی عمل داری یقینی بنانے کے لیے ایک میثاقِ جمہوریت پر دستخط کرنا ہوں گے۔

بیرسٹر گوہر خان نے مزید کہا کہ ملکی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ ہم ایک مشترکہ قومی ایجنڈے پر آگے بڑھیں، بنیادی حقوق کا تحفظ کریں اور عوام کو انصاف فراہم کریں۔