سری لنکا نے آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 8 وکٹ سے شکست دے دی

پاکستان نے تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی،صاحبزادہ فرحان کی مسلسل تیسری نصف سنچری

October 13, 2026 · اسپورٹس

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تیسرے ٹی 20 میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، تاہم پاکستان نے تین میچوں کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔

سری لنکا نے تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی، تاہم پاکستان نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔

پاکستانی کپتان صاحبزادہ فرحان نے سیریز میں مسلسل تیسری نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 47 گیندوں پر 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے۔ عرفات منہاس 20 گیندوں پر 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

دیگر پاکستانی بلے بازوں میں فخر زمان نے 12، حسن نواز نے 16، خواجہ نافع نے 3، عمران رندھاوا نے 6 اور عبدالصمد نے 15 رنز بنائے، جبکہ معاذ صداقت صفر پر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے داسن شناکا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹیم نے 18ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے 87 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ کمیندو مینڈس نے 40 رنز بنائے۔