عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ
ابتدائی اوقات میں برینٹ خام تیل کی قیمت 89 سینٹ، یعنی 0.8 فیصد اضافے کے بعد 106.58 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تیل کی ترسیل کو لاحق خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
بدھ کی صبح کاروبار کے ابتدائی اوقات میں برینٹ خام تیل کی قیمت 89 سینٹ، یعنی 0.8 فیصد اضافے کے بعد 106.58 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت بھی 80 سینٹ، یعنی 0.9 فیصد بڑھ کر 94.94 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق، اس سے ایک روز قبل عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا تھا۔ منگل کو کاروبار کے اختتام پر برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.9 فیصد کمی ہوئی، جبکہ امریکی خام تیل 0.4 فیصد مہنگا ہوگیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سرمایہ کاروں اور تاجروں کی توجہ یمن کے حوثی گروپ اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کے باعث تیل کی سپلائی کو لاحق ممکنہ خطرات پر مرکوز ہے۔ اس کے علاوہ روس سے ڈیزل کی اضافی دستیابی کے امکانات پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب کی وزارتِ توانائی کے مطابق حوثی گروپ نے شہر ظہران میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی ایک انتظامی عمارت کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں محدود پیمانے پر آگ لگ گئی۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی توانائی منڈی میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، جس کے اثرات خام تیل کی قیمتوں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔