دیہی خواتین پنجاب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں،مریم نواز

صوبے کی ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام میں دیہی خواتین کی محنت اور خدمات بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔

October 15, 2026 · قومی
دیہی خواتین پنجاب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں،مریم نواز

دیہی خواتین پنجاب کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں،مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صوبے کی ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام میں دیہی خواتین کی محنت اور خدمات بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس دن کو منانے کا مقصد دیہی خواتین کی جدوجہد، محنت اور قربانیوں کو تسلیم کرنا ہے۔ ان کے مطابق دیہی خواتین اپنی ذمہ داریوں کو محنت اور لگن سے نبھاتے ہوئے نہ صرف گھروں کو سنبھالتی ہیں بلکہ زراعت اور ملکی معیشت میں بھی اپنا حصہ ڈالتی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دیہی خواتین کو محض محنت کش کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہیے بلکہ انہیں ترقی کے عمل میں فیصلہ سازی اور معاشی خودمختاری کے یکساں مواقع ملنے چاہییں۔ انہوں نے خواتین کے تحفظ کو اپنی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل قرار دیا۔

مریم نواز کے مطابق پنجاب حکومت دیہی خواتین کی سہولت کے لیے مختلف پروگرام متعارف کرا رہی ہے، جن میں کسان کارڈ، لائیوسٹاک کارڈ اور ہمت کارڈ شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد خواتین کو معاشی معاونت فراہم کرنا اور ان کی مشکلات کم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دیہی علاقوں میں بنیادی مراکز صحت کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ خواتین کو کاروبار شروع کرنے کے لیے بلاسود قرضوں، لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظائف کی سہولتیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دیہی خواتین کی مہارتوں میں اضافے کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کو خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مویشی بھی دیے جا رہے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ورچوئل پولیس اسٹیشن بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ ہر طبقے سے تعلق رکھنے والی خواتین کو مدد اور انصاف تک رسائی حاصل ہوسکے۔