عالمی منڈی میں خام تیل سستا، برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی کی قیمتوں میں کمی
برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 41 سینٹ، یعنی 0.39 فیصد کم ہوکر 105.51 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
عالمی منڈی میں خام تیل سستا، برینٹ اور ڈبلیو ٹی آئی کی قیمتوں میں کمی
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ تیل کی ترسیل پر پابندیوں میں ممکنہ نرمی اور سپلائی بہتر بنانے کے اقدامات سے متعلق اطلاعات کے باعث سرمایہ کار محتاط دکھائی دے رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 41 سینٹ، یعنی 0.39 فیصد کم ہوکر 105.51 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں 54 سینٹ، یعنی 0.55 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی قیمت 97.43 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
خام تیل کی قیمتوں میں کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بین الاقوامی توانائی ایجنسی نے عالمی سپلائی پر دباؤ کم کرنے کے لیے ہنگامی ذخائر سے تیل جاری کرنے کے منصوبے کے تحت 2 کروڑ بیرل سے زائد ڈیزل اور دیگر تیل کی فراہمی پر اتفاق کیا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ تیل کی ترسیل کے بڑھتے ہوئے اخراجات کم کرنے کے لیے بعض ایسے جہازوں پر پابندیاں نرم کرنے پر غور کررہی ہے جو روس، ایران اور وینزویلا سمیت مختلف ممالک سے تیل منتقل کرتے رہے ہیں۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز کے قریب تجارتی جہازوں پر حملوں کی اطلاعات اور سعودی عرب و یمن کے حوثیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی توانائی کی فراہمی کے حوالے سے خدشات برقرار ہیں۔
ماہرین کی توجہ اب اس بات پر ہے کہ تیل کی ترسیل میں ممکنہ بہتری اور مشرق وسطیٰ کی سکیورٹی صورت حال آنے والے دنوں میں عالمی منڈی میں قیمتوں پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہے۔