سہ فریقی ون ڈے سیریز: پاکستان کا سری لنکا کو جیت کیلیے 306 رنز کا ہدف

سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری بنائی۔ 

October 18, 2026 · اسپورٹس
فوٹو بشکریہ ایکس

فوٹو بشکریہ ایکس

راولپنڈی: سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیت کےلیے 306 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں فخر زمان اور صائم ایوب ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور دونوں اوپنرز جلد ہی آؤٹ ہو کر واپس پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 23 اور دوسری وکٹ 32 رنز پر گری، صائم ایوب 7 اور فخر زمان 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں بابر اعظم اور سعد بیگ نے پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کا اسکور 106 تک پہنچایا جہاں بابر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی چوتھی وکٹ 118 رنز پر گرگئی۔ اس مرتبہ سعد بیگ 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پانچویں وکٹ پر سلمان علی آغا اور حسن نواز نے 97 رنز کی پارٹنرشپ بنائی اور 215 کے مجموعے پر حسن نواز 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

چھٹی وکٹ پر سلمان کا ساتھ عرفات منہاس دینے آئے، انہوں نے 18 رنز کی اننگز کھیلی تاہم سلمان کے ساتھ 64 رنز کی پارٹنرشپ کے شراکت دار رہے۔

اس دوران مڈل آرڈر میں سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری بنائی۔

تاہم پہلے عرفات منہاس 279 اور پھر سلمان علی آغا 291 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے تو قومی بیٹرز اسکور میں زیادہ اضافہ نہ کرسکے اور پوری ٹیم 305 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

اختتامی لمحات میں شاہین آفریدی نے 13 اور فہیم اشرف نے 6 رنز بنائے جبکہ نسیم شاہ اور حارث رؤف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

سری لنکا کی جانب سے ایشان ملنگا نے 4 وکٹیں لیں، اسیتھا فرنینڈو نے 3 اور دلشان مدھوشنکا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ فریش وکٹ ہے، ہم ٹاس جیتتے تب بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، 300 رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔