مشرقِ وسطیٰ میں سفارتی پیش رفت کے امکانات، خام تیل سستا ہوگیا

سفارتی پیش رفت کی امیدوں نے خطے میں کشیدگی بڑھنے اور تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات کو کسی حد تک کم کیا ہے

October 29, 2026 · کامرس
مشرقِ وسطیٰ میں سفارتی پیش رفت کے امکانات، خام تیل سستا ہوگیا

مشرقِ وسطیٰ میں سفارتی پیش رفت کے امکانات، خام تیل سستا ہوگیا

مشرقِ وسطیٰ میں امن مذاکرات کے امکانات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سفارتی پیش رفت کی امیدوں نے خطے میں کشیدگی بڑھنے اور تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات کو کسی حد تک کم کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعرات کو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ روز ہونے والے اضافے کے بعد نیچے آگئیں۔

عالمی معیار برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 1.22 ڈالر، یعنی 1.1 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 114.10 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔

اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی 1.33 ڈالر، یعنی 1.3 فیصد کم ہوکر 101.45 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔

اس سے ایک روز قبل بدھ کو برینٹ کروڈ کی قیمت میں 1.3 فیصد جبکہ ڈبلیو ٹی آئی میں 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

رائٹرز کے مطابق قیمتوں میں حالیہ کمی کی اہم وجوہات میں مشرقِ وسطیٰ میں امن مذاکرات کے امکانات شامل ہیں۔ تاہم خطے میں جاری کشیدگی اور تیل کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات بدستور عالمی منڈی پر اثرانداز ہو رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا انحصار خطے کی سکیورٹی صورتحال، عالمی رسد اور سفارتی کوششوں کی کامیابی پر ہے۔ اگر امن مذاکرات میں پیش رفت ہوتی ہے تو تیل کی فراہمی سے متعلق خدشات کم ہوسکتے ہیں، جبکہ کشیدگی میں اضافے یا ترسیل میں رکاوٹ کی صورت میں قیمتیں دوبارہ بڑھ سکتی ہیں۔