فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سنگاپور کے وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی، امن و استحکام اور باہمی تعلقات کے فروغ پر گفتگو

October 30, 2026 · قومی

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے سنگاپور کے وزیر خارجہ کی ملاقات,دوطرفہ تعاون کے فروغ کےامکانات پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سنگاپور کے وزیر خارجہ نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی، جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی امن و استحکام اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں مسلسل روابط اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سنگاپور کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی روابط میں اضافے اور تعمیری روابط کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سنگاپور کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

سنگاپور کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا بھی اعتراف کیا۔