لاہور کی سرتال اکیڈمی نے علی ڈار کے اسپیشل چائلڈ بیٹے ابراہیم کو بھی متاثر کرلیا
علی ڈار نے بیٹے کے ساتھ اکیڈمی میں وقت گزارا، سوشل میڈیا پر اثر انگیز ویڈیو شیئر کردی
علی ڈار اپنے بیٹے ابراہیم کے ساتھ سرتال اکیڈمی میں
لاہور کی سر تال میوزک اکیڈمی ان دنوں سوشل میڈیا پر خوب چرچا بن رہی ہے۔ یہ اکیڈمی کم وسائل والے بچوں کو مفت موسیقی کی تعلیم دیتی ہے اور یہاں کلاسیکی، لوک، قوالی اور جدید موسیقی سکھائی جاتی ہے۔ حال ہی میں بچوں کی قوالی اور گانوں کی ویڈیوز وائرل ہوئیں جن میں نارویجن آرٹسٹ ولیم گیمبورگ بھی نظر آئے۔ یہ ویڈیوز پاکستان اور بھارت دونوں میں پسند کی گئیں اور لوگوں نے موسیقی کو سرحدوں سے بالاتر قرار دیا۔
اس اکیڈمی کی مقبولیت کا ایک تازہ ثبوت علی ڈار کا دورہ ہے۔ پنجاب کے مشیر اور آٹزم آگاہی کے فعال کارکن علی ڈار نے اپنے اسپیشل چائلڈ بیٹے ابراہیم کو ساتھ لے کر سر تال میوزک اکیڈمی کا دورہ کیا۔ ابراہیم آٹزم سپیکٹرم پر ہیں۔
علی ڈار نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ابراہیم نے وہاں کے باصلاحیت بچوں کے ساتھ بہت پیارا وقت گزارا۔ انہوں نے کہا کہ یہ چھوٹا سٹوڈیو بڑے دل والا ہے اور ملک میں ابھی بہت سی صلاحیتیں دریافت ہونا باقی ہیں۔ “Different abilities, one rhythm, endless joy!” یعنی مختلف صلاحیتیں، ایک تال، اور بے پناہ خوشی۔
Ibrahim had the sweetest time with the talented kids at Sur Taal Music Academy! A small studio with an enormous heart, and proof of how much talent in our country is still waiting to be discovered. Different abilities, one rhythm, endless joy! ❤️ pic.twitter.com/06kiyvbObK
— Ali Dar (@alimdar82) November 2, 2026
ویڈیو میں علی ڈار اور ابراہیم بچوں کے ساتھ بیٹھے موسیقی کے سیشن میں شرکت کرتے نظر آتے ہیں۔ ابراہیم خوشی سے بچوں کے ساتھ تال ملاتے اور ماحول سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ منظر نہ صرف موسیقی کی طاقت کو ظاہر کرتا ہے بلکہ اس بات کی بھی تصدیق کرتا ہے کہ آرٹ اور موسیقی خاص ضروریات والے بچوں کے لیے بھی خوشی اور شمولیت کا ذریعہ بن سکتی ہے۔