اپر کوہستان اسکینڈل: ملزم امیر سید کی عبوری ضمانت درخواست خارج، 7 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے

ملزم نے نجی تعمیراتی کمپنی کے نام پر ایک ارب 13 کروڑ روپے وصول کیے، نیب اسپیشل پراسیکیوٹر

November 4, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں نامزد ملزم امیر سید کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کر دی، ضمانت خارج ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر احتساب عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے اسے سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

اپر کوہستان اسکینڈل میں نامزد ملزم امیر سید کی عبوری ضمانت کی درخواست پر پشاور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔

سماعت جسٹس ارشد علی اور جسٹس فہیم ولی پر مشتمل بینچ نے کی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی عبوری ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔

ضمانت کی درخواست خارج ہونے پر پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر احتساب عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے امیر سید کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر ارب کلیم اللہ کے مطابق ملزم نے نجی تعمیراتی کمپنی کے نام پر ایک ارب 13 کروڑ روپے وصول کیے، ملزم کےکمپنی اکاؤنٹ میں سرکاری تعمیرات کے لیے ٹرانزیکشن ہوئی لیکن کوئی کام نہیں ہوا۔