پشاور میں فائرنگ سے پٹواری بیٹے سمیت جاں بحق

پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔

November 5, 2026 · قومی
پشاور میں فائرنگ سے پٹواری بیٹے سمیت جاں بحق

پشاور میں فائرنگ سے پٹواری بیٹے سمیت جاں بحق

پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پٹواری کو اس کے بیٹے سمیت قتل کردیا، فائرنگ کے واقعے میں دونوں باپ بیٹا جاں بحق ہوگئے جبکہ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔

پولیس کے مطابق دہرے قتل کا واقعہ باچایانو گڑھی میں پیش آیا، جہاں مسلح ملزمان نے ایک حجرے میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 14 سالہ زوار شاہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا والد سید عالم گیر شاہ شدید زخمی ہوگیا، جو بعدازاں اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔

پولیس کو زخمی عالم گیر شاہ نے اپنے آخری بیان میں بتایا کہ وہ حجرے میں موجود تھا کہ مسلح افراد نے وہاں پہنچ کر فائرنگ کردی۔

مقتولین کے ورثا کے مطابق واقعے کے پیچھے گھریلو تنازع تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ مقتول کے ایک بھائی کی شادی ملزمان کی بہن سے ہوئی تھی، تاہم میاں بیوی کے درمیان اختلافات کے باعث خاتون ناراض ہوکر میکے چلی گئی تھی۔

ورثا کے مطابق اسی تنازع پر خاتون کے بھائیوں نے پہلے مقتولین کے گھر آکر تلخ کلامی اور لڑائی جھگڑا کیا، بعدازاں واپس جاکر مسلح ہوکر حجرے پر حملہ کردیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ عنایت شاہ، شہادت شاہ اور سفید شاہ کے خلاف درج کرلیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں جبکہ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزمان کے ایک حجرے کو بھی مسمار کردیا۔ علاقے میں شدید فائرنگ کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔