پنجاب میں گیس کی بندش اور کم پریشر،شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں
گیس کی مسلسل بندش کے باعث وہ ایل پی جی سلنڈر اور لکڑی استعمال کرنے پر مجبور ہیں،متاثرہ شہری
پنجاب میں گیس کی بندش اور کم پریشر،شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں
لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں گیس کی غیر اعلانیہ بندش اور کم پریشر کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، گھروں میں کھانا پکانا بھی دشوار ہو گیا ہے۔
لاہور کے علاقوں شفیق آباد، بند روڈ، سمن آباد، شالیمار، باغبانپورہ، سلامت پورہ، داروغہ والا، یتیم خانہ اور مزنگ سمیت کئی علاقوں میں گیس کی فراہمی متاثر ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ صبح، دوپہر اور رات کے کھانے کے اوقات میں بھی گیس کا پریشر انتہائی کم رہتا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں پورا دن گیس دستیاب نہیں ہوتی۔
گیس کی عدم دستیابی کے باعث بچوں کو صبح ناشتے کے بغیر اسکول جانا پڑتا ہے، جبکہ خواتین کو دوپہر اور رات کا کھانا تیار کرنے میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے۔
شفیق آباد کے رہائشیوں کے مطابق علاقے میں کھانا پکانے کے تینوں اوقات میں گیس کی فراہمی متاثر رہتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی مسلسل بندش کے باعث وہ ایل پی جی سلنڈر اور لکڑی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس سے گھریلو اخراجات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
متاثرہ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی بحال کرنے کے ساتھ کھانے کے اوقات میں مناسب پریشر یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں روزمرہ کی مشکلات سے نجات مل سکے۔