رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ،3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات
اجتماع کے شرکاء کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایک ہزار سے زائد ٹریفک پولیس افسران اور اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ،3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات
لاہور: رائیونڈ تبلیغی اجتماع کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے لیے لاہور پولیس نے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کر لیے، اجتماع کی حفاظت پر 3 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق سیکیورٹی ڈیوٹی پر 3 ایس پیز، 10 ڈی ایس پیز، 37 ایس ایچ اوز اور 214 اپر سب آرڈینیٹس سمیت 3 ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔
اجتماع کے شرکاء کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایک ہزار سے زائد ٹریفک پولیس افسران اور اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق شرکاء کی رہنمائی اور سہولت کے لیے 14 مقامات پر پولیس کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جبکہ پنڈال کے اطراف 3 داخلی راستوں اور 27 ناکوں پر سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔
رائیونڈ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ 5 سے 8 نومبر تک جاری رہے گا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ اجتماع کے منتظمین سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور شرکاء کی مؤثر چیکنگ یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے ٹریفک پولیس کو پارکنگ اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مناسب اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
سی سی پی او کا کہنا ہے کہ تمام ڈیوٹی پوائنٹس پر پولیس اہلکار مکمل طور پر چوکس رہیں اور سیکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔