سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے کیسز، آئینی عدالت کا بڑا حکم

وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کو تاحکمِ ثانی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریوں سے متعلق مقدمات کی سماعت سے روک دیا ہے۔

November 5, 2026 · قومی
سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے کیسز، آئینی عدالت کا بڑا حکم

سہیل آفریدی سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کے کیسز، آئینی عدالت کا بڑا حکم

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے پشاور ہائیکورٹ کو تاحکمِ ثانی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریوں سے متعلق مقدمات کی سماعت سے روک دیا ہے۔

چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ اس معاملے میں فریقین کو نوٹس جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ دیگر متعلقہ فریقین عدالتی حکم کا جائزہ لے کر اپنی درخواستیں بھی دائر کر سکتے ہیں۔

سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوجی کارروائیوں والے علاقوں میں ہائیکورٹ مداخلت نہیں کر سکتی اور نہ ہی آرٹیکل 199 کے اختیارات استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

اس پر جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ ہائیکورٹ میں روزانہ آرٹیکل 199 کے تحت متعدد مقدمات دائر ہوتے ہیں، کیا عدالت ان مقدمات کی سماعت بھی نہیں کرے گی؟

دورانِ سماعت سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل الیاس بھی پیش ہوئے۔ انہوں نے حکم امتناعی جاری کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت کو حکم جاری کرنے سے پہلے فریقین کا مؤقف سننا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے تینوں اعتراضات برقرار نہیں رکھے جا سکتے۔

چیف جسٹس امین الدین خان نے وکیل کو ہدایت کی کہ وہ عدالتی حکم کا جائزہ لے کر اپنے اعتراضات دائر کریں۔

واضح رہے کہ سہیل آفریدی سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاریوں کا معاملہ پشاور ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت تھا۔ پشاور ہائیکورٹ نے اپنے عبوری احکامات میں ان گرفتاریوں سے روکا تھا، جس کے خلاف خیبرپختونخوا حکومت نے وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کیا تھا۔