مولانا فضل الرحمان نے کبھی گورنر شپ نہیں مانگی، رانا ثنا اللہ
خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے لیے مولانا فضل الرحمان کو ساتھ ملانا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان نے کبھی گورنر شپ نہیں مانگی، رانا ثنا اللہ
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت سے کبھی گورنر شپ یا کسی دوسرے عہدے کا مطالبہ نہیں کیا۔
اپنے بیان میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے لیے مولانا فضل الرحمان کو ساتھ ملانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے کوئی بات چیت ہوئی ہے یا نہیں، اس بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔ ان کا خیال ہے کہ جاری کیے گئے نوٹسز کا معاملہ بھی حل ہو سکتا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے اپنی وابستگی کا اظہار کرتے تھے، لیکن دوسری جانب محسن نقوی سے بھی ملاقاتیں کرتے رہے۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کی وجہ ملاقاتوں کے دوران پیغامات کی ترسیل اور سیاسی بیانیے بنانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بارہا ٹرولنگ سے گریز کرنے کا کہا گیا، تاہم ایسا نہ ہونے پر ملاقاتیں بند کر دی گئیں۔