سندھی مسلم فوڈ واک اسٹریٹ پر ڈکیتی،شہری قیمتی موبائل فون سے محروم

فیروز آباد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنا شروع کردیں،ملزمان کی تلاش جاری

November 5, 2026 · قومی

فائل فوٹو

کراچی کی سندھی مسلم فوڈ واک اسٹریٹ پر موٹر سائیکل سوار دو ڈاکو شہری سے قیمتی موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے، واقعے کا مقدمہ فیروز آباد تھانے میں درج کرلیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق اورنگی ٹاؤن اسلام چوک کے رہائشی سلال ولد محمد صدیق نے بتایا کہ وہ 3 اور 4 اکتوبر کی درمیانی شب اپنے والد اور چچا کے ہمراہ فوڈ واک اسٹریٹ پر کھانا کھانے آیا تھا۔

متاثرہ شہری کے مطابق وہ فوڈ واک اسٹریٹ پر تصاویر بنوا رہا تھا کہ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو ڈاکو آئے اور اس کا موبائل فون چھین کر باآسانی فرار ہوگئے۔

واقعے کے بعد متاثرہ شہری کی جانب سے موبائل فون چھینے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

پولیس کے مطابق واردات کے مقام اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں، جلد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یکم نومبر کو سندھی مسلم فوڈ واک کا افتتاح کیا تھا۔