خیبرپختونخوا حکومت کا 20 ہزار گریجویٹس کیلئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ
تین ماہ کے پروگرام میں مردوں اور خواتین کو یکساں مواقع، ماہانہ 30 ہزار روپے وظیفہ ملے گا
خیبرپختونخوا حکومت کا 20 ہزار گریجویٹس کیلئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے 20 ہزار گریجویٹس کے لیے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی مجموعی لاگت 2 ارب روپے تجویز کی گئی ہے۔ تین ماہ پر مشتمل اس پروگرام میں 50 فیصد کوٹہ مردوں اور 50 فیصد خواتین کے لیے مختص ہوگا۔
خیبرپختونخوا انٹرن شپ پروگرام کے خدوخال، تیاریوں اور عملی نفاذ کے طریقہ کار پر گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ کو بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کم از کم 3 سی جی پی اے کے حامل گریجویٹس اس پروگرام کے اہل ہوں گے، جبکہ صرف خیبرپختونخوا ڈومیسائل رکھنے والے گریجویٹس کو انٹرن شپ فراہم کی جائے گی۔ منتخب گریجویٹس کو ترجیحی صنعتوں، سافٹ ویئر ہاؤسز اور کاروباری اداروں میں عملی تربیت دی جائے گی۔
مشیر تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام میں نجی شعبے کے اداروں کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ پروگرام کے تحت ہر گریجویٹ کو ماہانہ 30 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ فارماسیوٹیکل، آئی ٹی، سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ، سیاحت، زراعت اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اس موقع پر انٹرن شپ پروگرام کے لیے مرکزی آن لائن پورٹل تیار کرکے ایک ہفتے میں فعال کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی، جبکہ گریجویٹس کے انتخاب، تربیت اور انٹرن شپ پلیسمنٹ کے لیے جامع ضوابط اور گائیڈ لائنز مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے ہدایت کی کہ وظائف کی ادائیگی کے لیے پیپر لیس اور آن لائن نظام وضع کیا جائے اور گریجویٹس کو وظائف کی بروقت، حتی الامکان ایک ہی دن میں ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروگرام میں اضلاع کی آبادی کے تناسب سے گریجویٹس کی نمائندگی یقینی بنائی جائے۔
مشیر تعلیم نے انٹرن شپ پروگرام کے مؤثر نفاذ کے لیے محکمہ اعلیٰ تعلیم میں مربوط انتظامی ڈھانچہ تشکیل دینے اور گریجویٹس کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق معیاری اور مسابقتی عملی تربیت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔