لاہور میں 3 پولیس اہلکاروں کے خلاف بھیک مانگنے کا مقدمہ درج

برکت مارکیٹ میں شہری سے رقم طلب کرنے پر پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی

November 5, 2026 · قومی

دورانِ ڈیوٹی شہری سے کھانے کے پیسے مانگنے پر 3 اہلکار گرفتار، 'بھکاری ایکٹ' کے تحت مقدمہ درج

لاہور: گارڈن ٹاؤن کی برکت مارکیٹ میں دورانِ ڈیوٹی شہری کو روک کر کھانے کے نام پر پیسے مانگنے والے تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے خلاف بھکاری ایکٹ (Vagrancy Act) کے تحت باقاعدہ مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تینوں پولیس اہلکاروں نے برکت مارکیٹ میں ایک شہری کو روکا اور کھانے کے لیے پیسوں کا مطالبہ کیا، واقعے پر کارروائی کرتے ہوئے تینوں اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار اہلکاروں میں فیاض، فرحان اور احمد مصطفی شامل ہیں۔ تینوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ شہریوں کی عزت اور پولیس فورس کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بدعنوانی میں ملوث اہلکار بھی قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے۔