شہباز شریف سے سوڈان کے وزیر داخلہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

پاکستان اور سوڈان کے درمیان تجارت،سرمایہ کاری، زراعت، دفاع اور تعلیم میں تعاون بڑھانے پر گفتگو

November 5, 2026 · قومی

شہباز شریف سے سوڈان کے وزیر داخلہ کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابیکر سمرا مصطفیٰ علی نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے معزز مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور خواہش ہے کہ سوڈان موجودہ بحران سے نکل کر ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال ملک کے طور پر ابھرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات، بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ زراعت، دفاع، تعلیم اور دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ، او آئی سی، جی 77 اور دیگر کثیرالجہتی فورمز پر سوڈان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

اس موقع پر سوڈان کے وزیر داخلہ نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال اور میزبانی کرنے پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مشکل صورتحال میں پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے فراہم کی جانے والی انسانی اور طبی امداد پر بھی اظہار تشکر کیا۔

سوڈانی وزیر داخلہ نے سوڈان میں امن و امان کی کوششوں کے حوالے سے بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی حمایت کو سراہا، جبکہ خطے میں امن اور ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔