مفتی ابرار سے منسوب تین حج ٹور آپریٹرز کو ایس ای سی پی کے شوکاز نوٹس
مفتی ابرار کے خاندان اور ساتھیوں سے منسوب کمپنیوں کے ملکیتی ریکارڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی ہے
مفتی ابرار سے منسوب تین حج ٹور آپریٹرز کو ایس ای سی پی کے شوکاز نوٹس
اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی اتحادی مفتی ابرار سے مبینہ طور پر منسلک تین حج ٹور آپریٹرز کو کمپنیوں کے حقیقی مالکان اور ملکیتی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق مفتی ابرار کے خاندان اور ساتھیوں سے منسوب کمپنیوں کے ملکیتی ریکارڈ میں مبینہ بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ نوٹس وصول کرنے والی کمپنیوں میں سجاد ٹریولز اینڈ ٹورز، ال رحاب انٹرنیشنل اور شکر الفیضان ٹریولز شامل ہیں۔
شکر الفیضان ٹریولز کو کمپنیز ایکٹ 2017 کے تحت قانونی تقاضوں کی مبینہ عدم تعمیل پر نوٹس جاری کیا گیا، جبکہ ال رحاب انٹرنیشنل سے سال 2023 کے لیے حقیقی مالکان کی مطلوبہ معلومات جمع نہ کرانے پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔
اسی طرح سجاد ٹریولز اینڈ ٹورز کو بھی کمپنی کے حقیقی مالکان سے متعلق مطلوبہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
ایس ای سی پی نے تینوں کمپنیوں کو 14 روز کے اندر اپنی وضاحت اور متعلقہ تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔