پی ٹی آئی سے فی الحال مذاکرات نہیں ہو رہے، گورنر راج مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا، رانا ثناء اللہ

بھارت اور افغانستان کی مدد سے علاقے میں دہشت گردی کا مسئلہ پھیل رہا ہے، جس کی روک تھام حکومت کی اہم ترجیح ہے۔

November 6, 2026 · قومی
پی ٹی آئی سے فی الحال مذاکرات نہیں ہو رہے، گورنر راج مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا، رانا ثناء اللہ

پی ٹی آئی سے فی الحال مذاکرات نہیں ہو رہے، گورنر راج مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ اس وقت باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے، تاہم پس پردہ رابطوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔

نجی ٹی وی کےپرو گرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ گورنر راج اپنے مقاصد حاصل ہونے تک برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور افغانستان کی مدد سے علاقے میں دہشت گردی کا مسئلہ پھیل رہا ہے، جس کی روک تھام حکومت کی اہم ترجیح ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اس جنگ میں کامیابی کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے تحفظات سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی فریق لڑائی نہیں چاہتا اور نہ ہی لڑائی کی صورتحال ہے، بلکہ معاملہ اختلافِ رائے کا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کو گورنر راج پر اختلاف کا حق حاصل ہے، تاہم اختلاف کا اظہار جمہوری اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رائے سے اختلاف کرنے کا حق حاصل ہے اور جے یو آئی (ف) بھی اپنا مؤقف پیش کر سکتی ہے۔

رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ ثبوت موجود نہ ہوں تو کسی پر الزامات عائد نہیں کرنے چاہئیں۔ انہوں نے اس حوالے سے چوہدری سالک حسین کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود بھی واضح کر چکے ہیں کہ ان کے پاس ثبوت نہیں ہیں۔