چودھری سالک حسین کو پنجاب حکومت کا قانونی نوٹس موصول، جواب دینے کا اعلان

جلد اس کا جواب دیں گے اور شفافیت بند کمروں کے پیچھے نہیں ہونی چاہیے۔

November 6, 2026 · قومی
چودھری سالک حسین کو پنجاب حکومت کا قانونی نوٹس موصول، جواب دینے کا اعلان

چودھری سالک حسین کو پنجاب حکومت کا قانونی نوٹس موصول، جواب دینے کا اعلان

لاہور: وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین نے تصدیق کی ہے کہ انہیں پنجاب حکومت کی جانب سے کرپشن سے متعلق بیانات پر قانونی نوٹس موصول ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ جلد اس کا جواب دیں گے اور شفافیت بند کمروں کے پیچھے نہیں ہونی چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں چودھری سالک حسین کا کہنا تھا کہ وہ قانونی نوٹس کا جواب دیں گے اور پنجاب میں بدعنوانی سے متعلق اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔

اس سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے قانونی نوٹس موصول ہونے کے بعد وہ عدالت میں اس کا بھرپور جواب دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر گجرات کی تعیناتی سے متعلق عائد کیا جانے والا الزام من گھڑت ہے، جبکہ پنجاب میں کرپشن سے متعلق ان کا بیان ذاتی مؤقف پر مبنی تھا۔

چودھری سالک حسین نے مسلم لیگ (ق) کی حکومت سے علیحدگی کے امکان کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال ان کی توجہ قانونی نوٹس کا جواب دینے پر ہے۔

دوسری جانب چودھری سالک حسین کے بیان پر چودھری شافع حسین نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی نے پنجاب حکومت کا نام نہیں لیا تھا بلکہ ان کا اشارہ نظام میں موجود بدعنوانی کی جانب تھا۔

چودھری شافع حسین کا کہنا تھا کہ ممکن ہے چودھری سالک کے پاس کچھ ایسی معلومات ہوں جن سے وہ خود آگاہ نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے کبھی اپنے چھوٹے بھائی سے فاصلہ اختیار کیا ہے اور نہ آئندہ ایسا کریں گے۔