تھر کول بلاک ٹو کی سالانہ پیداواری صلاحیت 11.2 ملین ٹن تک پہنچ گئی، شرجیل میمن

کوئلے کی اضافی پیداوار سے بجلی گھروں کے علاوہ دیگر صنعتی شعبوں کی ضروریات بھی پوری کی جا سکیں گی

November 6, 2026 · قومی
تھر کول بلاک ٹو کی سالانہ پیداواری صلاحیت 11.2 ملین ٹن تک پہنچ گئی، شرجیل میمن

تھر کول بلاک ٹو کی سالانہ پیداواری صلاحیت 11.2 ملین ٹن تک پہنچ گئی، شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ تھر کے کوئلے کو صرف بجلی پیدا کرنے تک محدود رکھنے کے بجائے صنعتی ترقی کے لیے بھی استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں تھر کول بلاک ٹو کی سالانہ پیداواری صلاحیت 7.6 ملین ٹن سے بڑھا کر 11.2 ملین ٹن کر دی گئی ہے، جس سے سالانہ پیداوار میں 3.6 ملین ٹن اضافہ ہوا ہے۔

شرجیل میمن کے مطابق کوئلے کی اضافی پیداوار سے بجلی گھروں کے علاوہ دیگر صنعتی شعبوں کی ضروریات بھی پوری کی جا سکیں گی۔ کوئلے کو صنعتی استعمال کے قابل بنانے کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ تھر کو قومی ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کے منصوبے پر 68 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ دیگر صنعتی خریداروں کو کوئلے کی فروخت سے متعلق اخراجات بجلی صارفین کے ٹیرف پر منتقل نہیں کیے جائیں گے۔

سندھ کے سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ تھر کے مقامی کوئلے سے کول گیسیفکیشن، میتھانول اور مختلف کیمیکلز کی تیاری میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ کوئلے کو صنعتی خام مال کے طور پر استعمال کرنے کے مختلف پہلوؤں پر بھی کام جاری ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ تھر کے قدرتی وسائل کو جدید ٹیکنالوجی اور بہتر انفراسٹرکچر کے ذریعے ملکی صنعتی ترقی کے لیے بروئے کار لایا جائے گا، جس سے توانائی کے تحفظ اور معاشی خودمختاری کے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔