امریکی ناظم الامور کا اسٹیٹ بینک کا دورہ
امریکا پاکستانی اداروں کو عالمی معیار کی جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔نیٹلی بیکر
امریکی ناظم الامور کا اسٹیٹ بینک کا دورہ
کراچی: پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے کہا ہے کہ امریکا پاکستانی اداروں کو عالمی معیار کی جدید ٹیکنالوجی سے منسلک کرنے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔
امریکی ناظم الامور نے کراچی میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئے کور بینکنگ نیٹ ورک کی تکمیل کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق کروڑوں ڈالر کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے کے تحت جدید بینکنگ نیٹ ورک اور ڈیٹا سینٹر نصب کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی سسکو نے مکمل کیا ہے۔
تقریب کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور سسکو کے کنٹری جنرل منیجر کاشف الحق نے منصوبے کی تکمیل میں حصہ لینے والی مشترکہ انجینئرنگ ٹیم کی محنت اور کارکردگی کو سراہا۔
امریکی سفارتخانے کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس پیچیدہ منصوبے کی تنصیب اور منتقلی کا عمل اسٹیٹ بینک کے معمول کے کام کو متاثر کیے بغیر مکمل کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق امریکا نے پاکستان میں نجی شعبے کے ساتھ تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے محفوظ اور شفاف ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کے فروغ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی سفارتخانے نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔