وفاق نے خیبرپختونخوا کو 160 ارب روپے کا پیکج دے دیا، فیصل کریم کنڈی
وزیراعظم کے ساتھ مل کر صوبے کے مسائل حل کر رہے ہیں،دہشت گردی کا خاتمہ اور ترقیاتی کام ترجیحات ہیں،گورنر
وفاق نے خیبرپختونخوا کو 160 ارب روپے کا پیکج دے دیا، فیصل کریم کنڈی
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے صوبے کو 160 ارب روپے کا پیکج دے دیا ہے، جس پر ہم وفاق کے مشکور ہیں۔ وزیراعظم کے ساتھ مل کر صوبے کے مسائل حل کر رہے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاق کے سامنے صوبے کے مسائل رکھ رہے ہیں اور وزیراعظم کے ساتھ بیٹھ کر مختلف معاملات حل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کا مقدمہ لڑنے کے لیے ہم نے پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ بھی آواز اٹھائی تھی، جبکہ وفاق کو پیکج کے حوالے سے جو سفارشات بھیجی گئی تھیں، ان پر چیئرمین پی ٹی آئی اور جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی کے دستخط بھی موجود تھے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ہم نہ صرف وفاق کے سامنے صوبے کا مقدمہ پیش کر رہے ہیں بلکہ اسے لڑ کر حل بھی کروا رہے ہیں۔
چشمہ لفٹ کینال سے متعلق گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اس منصوبے پر بھی بات ہوگئی ہے اور اسے جلد شروع کیا جائے گا۔ تاہم ہمارے منصوبے میں پہلے دہشت گردی کی روک تھام اور اس کے بعد ترقیاتی کام شامل ہیں۔
انڈر پاس سے متعلق انہوں نے بتایا کہ وہ تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے آئے تھے۔ کوشش ہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں انڈر پاس کا کام مکمل کر لیا جائے۔ اس کی تعمیر سے رنگ روڈ انڈر پاس کے مقام پر ٹریفک کے مسائل میں بہتری آئے گی۔