اسلام آباد میں مقررہ مقدار سے کم فیول فراہم کرنے پر 6 پیٹرول پمپ سیل
40 سے زائد نوزلز بند، پیمائش میں ردوبدل کرنے والی الیکٹرانک ڈیوائسز برآمد، عملہ گرفتار
اسلام آباد میں مقررہ مقدار سے کم فیول فراہم کرنے پر 6 پیٹرول پمپ سیل
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مقررہ مقدار سے کم پیٹرول اور ڈیزل فراہم کرنے پر 40 سے زائد نوزلز اور 6 پیٹرول پمپس سیل کر دیے گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے اعلامیے کے مطابق اسلام آباد بھر میں پیٹرول پمپس کی انسپکشن کا سلسلہ جاری ہے، جس کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی پیمائش اور فراہم کی جانے والی مقدار کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ مقررہ مقدار سے کم فیول فراہم کرنے پر 40 سے زائد نوزلز اور 6 پیٹرول پمپس سیل کیے گئے ہیں، جبکہ فیول کی پیمائش میں ردوبدل کے لیے استعمال ہونے والی الیکٹرانک ڈیوائسز بھی برآمد کی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے فیول کی پیمائش میں ہیر پھیر کرنے پر مزید 2 پیٹرول پمپس سیل کیے گئے اور عملے کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے شہر بھر کے تمام پیٹرول پمپس کی انسپکشن یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔